اہلِ بیت(ع) انٹرنیشنل نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، امریکا اسرائیل کو فوجی سازوسامان برآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے، تاہم امریکی حکام نے مستقبل قریب میں اس حکومت کی فوجی امداد ختم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
اس حوالے سے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ٹرمپ چاہتے ہیں کہ اسرائیل کی مالی معاونت جلد از جلد ختم کر دی جائے۔
روبیو نے زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کا خیال ہے کہ اسرائیل اتنا خوشحال اور دولت مند ہے کہ وہ امریکی فوجی امداد پر انحصار کیے بغیر بھی امریکا سے ہتھیار خرید سکتا ہے۔
اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ بھی اعلان کر چکے ہیں کہ طے پانے والے معاہدے کے مطابق اسرائیل کے لیے امریکی فوجی امداد 2026 کے اختتام تک بند کر دی جائے گی۔ تاہم انہوں نے یہ وعدہ بھی کیا تھا کہ اگر صہیونی حکومت نے مدد طلب کی تو امریکا اس کی معاونت کرے گا۔
روبیو نے مزید کہا کہ اسرائیل یقیناً اپنی خواہش کے مطابق سال 2026 کے اختتام تک امریکی امداد سے بے نیاز ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق اسرائیل خود بھی ہتھیار تیار کر رہا ہے اور ایک مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکا اور اسرائیل کے درمیان مشترکہ طور پر بھی اسلحہ تیار کیا جانا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان وقت کے تعین پر مذاکرات کیے جائیں گے۔
آپ کا تبصرہ